مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ انوراگ ٹھاکر کے ہمراہ ایل جی کے مشیر فاروق احمد خان بھی تھے۔ اس دوران پرنسپل سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس الوک کمار کے علاوہ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کشمیر، ڈی سی بڈگام کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ عہدیدار موجود رہے۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈور اسٹیڈیم کے بننے سے اب کھلاڑیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں مشق کرنے کے لئے جگہ ملی اور وہ اب اپنے کھیل کو مزید بہتر بناسکتے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ بھارتی کھلاڑی اب کھیلوں کی دنیا میں اپنا لوہا منواکر ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کررہے ہیں۔ اولمپک اور دیگر کھیل کے ٹورنامنٹس میں اس کی مثال دیکھنے کو ملی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم ہو۔ ان کے کھیل کو بہتر بنانے کے لئے بہتر کوچ درکار ہے۔ ان انڈور اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو بہترین کوچ ملیں گے جس سے کھلاڑیوں کا کھیل بہتر ہوگا اور انہیں آگے بڑھنے کا بھی موقع ملے گا۔
انوراگ ٹھاکر نے خطاب کے دوران کہا کہ ہر ضلع میں انڈور اسٹیڈیم بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب چاہے باہر بارش ہو یا پھر برف کھلاڑیوں پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
مقامی کھلاڑیوں نے انڈور اسٹیڈیم کے بننے سے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈور اسٹیڈیم کھلاڑیوں کی دیرینہ مانگ تھی۔