90 کی دہائی میں سرینگر شہر میں کئی بڑے سنیما گھر موجود تھے جہاں فلم کے شوقین لوگوں کو تانتا بندھا رہا کرتا تھا۔ سرینگر کے شہر خاص کے حَول علاقے میں 'فردوس'، لال چوک میں رگل، پلیڈیم اور نیلم سینما کافی مشہور تھے جہاں ہندی سنیما کو بڑے پردے پر دکھایا جاتا تھا- لیکن افسوس اب یہ سینما گھر ویران ہوچکے ہیں۔
جب 90 کی دہائی سے کشمیر میں عسکریت پسندی کی شروعات ہوئی تبھی سے ان سنیما گھروں کو فورسز نے اپنے قبضے میں لے کر انہیں کیمپ میں تبدیل کردیا جس کے بعد سے وادی کے سنیما گھر کیمپ بن گئے۔ اب وادی کے فلم ساز اور فلم شوقین چاہتے ہیں کہ وادی میں سنیما گھر تعمیر ہوں، یا وہی پرانے سنیما گھروں کو بحال کیا جائے۔
لال چوک میں اب رِگل سنیما کا نام ایک کالے بوڑ پر نظر آرہا ہے اور اسکو آج ایک تجارتی کمپلیکس میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ وہیں فردوس سنیما کی خستہ حالت ہے جہاں ایک پہرہ دار اس ٹوٹی پھوٹی بوسیدہ عمارت کی نگرانی کر رہا ہے۔