عالمی وبا کورونا وائرس میں کمی کے ساتھ ہی دنیا بھر جہاں کورونا پابندیوں کو ہٹا دیا گیا وہیں عمرہ سروسز کو بھی شروع کیا گیا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں اور یوٹیز کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی رجسٹرڈ نجی ٹور اینڈ ٹراویل آپریٹرز نے عمرہ سروس دوبارہ شروع کی ہیں۔ گزشتہ ماہ جنوری سے یہاں چند گروپ عمرہ کے لیے روانہ کیے گئے ہیں جب کہ مزید گروپ آنے والے دنوں میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہورہے ہیں۔
نجی ٹور آپریٹرز کی جانب سے عمرہ جانے سے قبل تربیتی پروگراموں کا اہتمام کیا جارہا Training programs for Umrah Pilgrims ہے۔اسی کٹری کے تحت سرینگر کے ایک نجی ہوٹل میں ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں زائرین کو عمرہ کے فرائص و واجبات کی مکمل جانکاری دی گئی۔ وہیں مکہ اور مدینہ میں کس طرح نمازوں اور دیگر عبادات کو بجا لانا ہے اس پر بھی زائرین کو مفصل جانکاری دی گئی۔
اس موقع پر مولانا عبدالمجید ڈار المدنی نے کہا کہ اگرچہ ہر ایک شخص آج کل کے دور میں بیرون ممالک سفر کی جانکاری اور واقفیت رکھتا ہے لیکن آقائے نام دار حضرت محمدﷺ کے شہر میں جانا کوئی عام بات نہیں ہے ایسے میں وہاں جانے والے ہر ایک فرد کو اس خاص شہر کے آداب و اصول کی تربیت اور جانکاری ہونا بے حد ضروری ہے، تاکہ زائرین مکہ اور مدینہ میں اپنی عبادات قرآن و سنت کے مطابق انجام دے سکیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور وہ عبادت و ریاضت قبول ہو۔
ادھر ٹور اینڈ ٹراویل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ دو برس کے بعد عمرہ سروس شروع کی گئی ہے اور اب تک چند گروپس عمرہ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید گروپس روانہ ہورہے ہیں۔