پلوامہ:جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں پولیس نے مختلف علاقوں میں مذہبی مقامات سے چوری کرنے والے ایک گروہ کے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ترال علاقے میں ہونے والی حالیہ چوری کی واردات کے بعد ایس ڈی پی او (ترال) مبشر رسول کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کی مدد ایس ایچ او (ترال) انسپکٹر عبدالرحمن نے کی۔ Tral police busted a gang of thieves انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ٹیم کی جانب سے بھرپور کوششیں کی گئیں اور ٹھوس شواہد اکٹھے کیے گئے۔ اس کے علاوہ تفتیشی ٹیم کی جانب سے اطلاع پر دو افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت عامر رشید گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن گلشن پورہ ترال اور اس کے بہنوئی سجاد احمد شیخ ولد نور محمد شیخ ساکن شیخ پورہ، پدگامپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
تفتیش کے دوران ان دونوں کے قبضے سے چوری شدہ مال برآمد ہوئے اور انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ترال علاقے میں چوری کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اس کے علاوہ ان دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے طارق احمد شیخ ولد نور محمد شیخ ساکن گوری پورہ اور شفقت علی ولد محمد ایوب ساکن تھانہ منڈی گوری پورہ اونتی پورہ کے ساتھ مل کر کئی مقامات پر چوری کی وارداتیں انجام دی ہیں۔ جن میں حالیہ چوری بھی شامل ہے۔