لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا کہ مہاجر کشمیری پنڈتوں کی با عزت واپسی کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے اور کسی بھی کشمیری پنڈت کو زبردستی کشمیر منتقل نہیں کیا جائے گا۔فاروق خان نے یہ باتیں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
گورنر کے مشیر نے کہا کہ 'حال ہی میں ایک دن میں پانچ ہزار لوگ، جس میں زیادہ تعداد سیاحوں کی تھی، فضائی راستے سے کشمیر آئے۔ یہ ایک ریکارڈ ہے۔ کشمیر کے حالات بالکل پرامن ہیں'۔
فاروق خان کا مزید کہنا ہے کہ'پچھلے پانچ دنوں کے دوران کچھ بھی نہیں ہوا ہے۔ معمولی واقعات سے کچھ نہیں ہوتا ہے۔ نہ ہی لوگوں پر ان کا کوئی فرق پڑتا ہے'۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر نے کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا: 'کشمیری پنڈتوں کی با عزت واپسی کے لئے بھارت سرکار خاص طور پر وزیر اعظم بہت زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ کل جو اعلان ہمارے لیفٹیننٹ گورنر نے کیا ہے وہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے'۔