اردو

urdu

ETV Bharat / city

صدر کا خطبہ مایوس کن: اپوزیشن

کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے صدر رام ناتھ کووند کے خطاب کو مایوس کن بتایا اور کہا کہ اس میں ملک کو درپیش اہم مسائل کو شامل کرنے کی امید تھی لیکن صرف حکومت کی تعریف میں پوری تقریر ختم ہوگئی۔

صدر کا خطبہ مایوس کن: اپوزیشن
صدر کا خطبہ مایوس کن: اپوزیشن

By

Published : Jan 31, 2020, 5:53 PM IST

Updated : Feb 28, 2020, 4:37 PM IST

کانگریس کے سینیئر رہنما غلام نبی آزاد نے پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون‘ نیشنل پاپولیشن رجسٹر، شہریت کا قومی رجسٹر کے سلسلے میں ملک بھر میں ہر عمر اور ہر طبقہ کے لوگوں کا ملک کی کئی ریاستوں میں گذشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے تحریک چل رہی ہے۔ لیکن حکومت نے اس معاملے میں آج تک کسی بھی فریق سے بات نہیں اس کے برخلاف وہ مذہب کی بنیاد پر صف بندی کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی گرتی ہوئی اقتصادی صورت حال، بے روزگاری سمیت تمام امور پر کانگریس سمیت چودہ اپوزیشن جماعتوں نے بابائے قوم کے مجسمہ کے سامنے صبح ساڑھے نو بجے ہاتھوں میں کالی پٹی باندھ کر مظاہرہ کیا۔

صدر کا خطبہ مایوس کن: اپوزیشن

مسٹر آزاد نے کہا کہ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف ملک کے بہت بڑے حصے میں ناراضگی ہے۔ اس کے خلاف تمام مذاہب‘ ذات اور صوبے کے لوگ شامل ہیں۔ کئی مقامات پر کئی ماہ سے لوگ سڑکوں پر تحریک کررہے ہیں۔ جس میں شیر خوار بچے سے لے کر نوے سال کی بزرگ خواتین شامل ہیں۔جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں حکمراں جماعت کی طلبہ تنظیموں نے نقاب پوش حملے کو انجام دیا جس کے خلاف ملک بھر کے نوجوانوں میں ناراضگی ہے۔ایک اندازہ کے مطابق جے این یو تشدد کے بعد ملک بھر میں اس کے خلاف کئی ہزار جلوس نکالے گئے۔ شہریت قانون اور جے این یوتشدد کے خلاف نوجوان سڑکوں پر ہیں۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں مظاہرہ کرنے والے تیس نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے اور اس دوران ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس راشٹریہ جنتا دل، سی پی ایم سمیت چودہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین صدر کے خطبہ کے دوران احتجاج کے طور پر اپنی سیٹوں سے ہٹ کر بیٹھے۔ صدر کے خطبہ میں کئی ایسی چیزوں کو شامل کیا گیا جو پانچ یا چار سال پرانی تھی۔ بے روزگاری،غریبی، بے کاری اور مہنگائی پر ان کی تقریر میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ مجموعی گھریلو پیداوار جس تیزی سے گر رہی ہے، روپیہ تیزی سے گر رہا ہے اس کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔

مسٹر آزاد نے کہا کہ کشمیر کو مرکز کے زیر انتظامہ علاقہ بنانے کے بعد اسے تباہ کیا گیا ہے او رصدر نے اپنی تقریر میں وہاں تیزی سے ترقی کی بات کہہ کر انتہائی بھدا مذاق کیا ہے۔

سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ ملک بھر میں جس طرح کے حالات ہیں وہ نہایت تشویش ناک ہیں۔ مظاہرہ کرنے والے لوگوں سے بات چیت کے بجائے حکومت تشدد کروارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جامعہ ملیہ اسلامیہ میں کھلے عام پولیس کے سامنے جس طرح گولی چلائی گئی وہ نہایت افسوس ناک ہے۔ حکومت کی اعانت سے تشدد کو فروغ دیا جارہاہے۔ ہندو سینا نے شاہین باغ میں مظاہرہ کرنے والے لوگوں کے خلاف جنگ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ملک کی معیشت کی حالت تشویش ناک ہے۔

آر جے ڈی کی رہنما میسابھارتی نے کہا کہ ملک بھر میں جس طرح کا ماحول ہے اس سے ہر ایک واقف ہے۔ سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف ملک بھر میں تمام مذاہب ’ذات او رفرقوں کے لوگ تحریک کررہے ہیں اور حکومت اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔

Last Updated : Feb 28, 2020, 4:37 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details