اردو

urdu

By

Published : Oct 7, 2021, 7:58 PM IST

ETV Bharat / city

قتل عام کے پیچھے کے سازشی عناصر کو بے نقاب کیا جائے: مفتیٔ اعظم

مفتیٔ اعظم نے کہا کہ 'بے گناہوں کے قتل عام پر نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ اقوم عالم میں بھی مذمت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے پنڈت اور سکھ جموں وکشمیر کی ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں اور ان کے جان و مال کا تحفظ کرنا یہاں کے اکثریتی طبقہ کی ذمہ داری ہے۔

مفتی اعظم
مفتی اعظم

وادیٔ کشمیر میں چند دنوں سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں عام شہریوں کی ہلاکت پر جہاں سیاسی، سماجی رہنماؤں نے اپنے گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا ہے، وہیں یہاں کے مذہبی رہنماؤں نے بھی ان بے گناہوں کے قتل عام کے پیچھے کے سازشی عناصر کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مفتی اعظم

ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ پرویز الدین سے بذریعہ فون جموں وکشمیر کے مفتیٔ اعظم ناصر الاسلام نے کہا کہ 'اس طرح کے واقعات نے کشمیری عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس واقعے سے پوری قوم شرمسار ہے۔
مفتیٔ اعظم نے کہا کہ بے گناہوں کے قتل عام پر نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ اقوم عالم میں بھی مذمت ہورہی ہے۔ مفتی اعظم نے کہا کہ یہاں کے پنڈت اور سکھ جموں وکشمیر کی ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں اور ان کی جان و مال کا تحفظ کرنا یہاں کی اکثریت کی ذمہ داری ہے۔
ناصر الاسلام نے کہا کہ اس طرح عام لوگوں کو قتل کرنے کے پیچھے سازشی عناصر کی کارستانی ہے، جو وادیٔ کشمیر کے صدیوں پرانے آپسی بھائی چارہ اور مذہبی روا داری کو زک پہنچانے کی تاک میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے پیچھے ایک بڑی سازش نظر آرہی ہے جس پر وسیع پیمانے پر تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ ان افراد کو بے نقاب کیا جائے اور بے گناہوں کے قتل عام کے پیچھے ناپاک عزائم کابھی پتہ لگ سکے۔

مفتیٔ اعظم نے مزید کہا کہ اس طرح یہاں کے صدیوں پرانے آپسی بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی بھی بھر پور کوشش کی جارہی ہے لیکن جموں وکشمیر کی عوام نے آپسی بھائی چارے کے اعلیٰ اقدار کو ملحوظ رکھ کر ایسے وقت میں سازشی عناصر کے مذموم ارادوں کو ثبوتاژ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:سرینگر کے اسکول میں فائرنگ، دو ٹیچرز ہلاک

واضح رہے کہ جمعرات کی صبح سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں ایک سرکاری اسکول کی پرنسپل ستیندر کور اور استاد دیپک چند کو نامعلوم مسلح افراد نے اسکول کے صحن میں گولیاں چلاکر ہلاک کردیا۔ جبکہ بدھ کی شام سرینگر کے مشہور دوا فروش ایم ایل بندرو سمیت بھاگل پور کے پانی پوڑی فروخت کرنے والے ایک غیر مقامی شخص کو بھی ہلاک کیا گیا۔ اسی شام بانڈی پورہ ضلعے میں بھی ایک مقامی شخص محمد شفیع پر گولیاں چلاکر ہلاک کیا گیا۔
جموں وکشمیر کی سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details