جموں و کشمیر: سرینگر کے نمچہ بل علاقے میں دوران شب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 6 رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نمچہ بل سری نگر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب قریب بارہ بجے محمد رفیق میر کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل مکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ فائر ٹنڈرس، پولیس اور مقامی لوگوں نے انتہائی مشقت کرکے آگ کو قابو میں کر لیا، لیکن سات رہائشی مکانوں کو خاکستر ہونے سے نہ بچا سکے۔Six Residential Houses Gutted in Srinagar
ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس واردات سے دس کنبے بے گھر ہوگئے اور آگ کو رات کے قریب ڈھائی بجے قابو میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں محمد رفیق میر، اویس احمد میر، محمد اشرف میر، محمد شفیع میر، ارسلان احمد کار، پروینہ بانو، توصیف احمد، وسیم احمد ڈار اور رمیض احمد کے رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے جبکہ جلال الدین ڈار اور محمد امین ڈار کے مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دریں اثنا پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔