سری نگر: جموں وکشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے ہفتے کے روز سری نگر،بڈگام اور کپواڑہ میں چھاپے مارے، جس دوران الیکٹرانک مواد، سیل فونز اوردوسرا قابل اعتراض مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس آئی اے نے ہفتے کے روز سری نگر، بڈگام اور کپواڑہ اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ SIA Raids Multiple Locations in Jammu and Kashmir
معلوم ہوا ہے کہ نارکو ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں درج مقدمے کے حوالے سے ایس آئی اے نے ہفتے کے روز چھاپہ ماری کی۔ موصوف ترجمان کے مطابق این آئی اے کی خصوصی عدالت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ نارکو ملی ٹینسی کے سلسلے میں تحقیقاتی ایجنسی نے ایف آئی آر زیر نمبر 17/2022 کے تحت درج کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ پولیس اسٹیشن ایس آئی اے کشمیر نے قابل اعتماد اطلاع ملنے پر درج کیا تھا ۔
انہوں نے کہاکہ کئی افراد جو مختلف عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ بطور اعانت کار کام کر رہے ہیں نے ان ممنوعہ تنظیموں کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچائی جس کے تحت نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کو جموں وکشمیر میں سرگرم عسکری تنظیموں تک پہنچا کر وادی میں تخریبی سرگرمیوں کو انجام دے سکے۔