سرینگر:جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے CSIR-IIIM کے سابق سینیئر پرنسپل اور ممتاز سائنسدان ڈاکٹر گرودرشن سنگھ کو جموں میں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی تحقیق اور علمی صلاحیتوں میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دروازے عوام دوست، عوام مقبول اور باصلاحیت لوگوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور پارٹی نے ہمیشہ ایسے افراد کا خیر مقدم کرکے عوام کے لیے کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جن میں حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا ہے۔ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ مساوات اور برابری میں یقین رکھا ہے اور آج بھی جماعت اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس وقت جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں مصروف ہے اور یہ لڑائی کسی ایک فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے ہر ایک طبقے،ہر ایک فرد اور ہر ایک جماعت کی لڑائی ہے۔