سرینگر:پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹرز کی جانب دی گئی ’چکہ جام‘ ہڑتال کی کال کی بھر پور حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ کشمیری معیشت اور روزمرہ زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہیوں نے کہا کہ دیگر شعبہ جات کے علاوہ اسکولوں ٹرانسپورٹرز پر منحصر ہیں۔ ایسے میں ٹرانسپورٹ ٹیکس میں کافی اضافہ کر دیا گیا ہے جن میں فٹنس، روٹ پرمٹ،ٹوکن ٹیکس شامل ہے میں تین سو فیصدی اضافہ کردیا گیا جبکہ گزشتہ تین برسوں میں ایندھن کی جو قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہ سب عیاں ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ اقتصادی بدحالی کا شکار ہے اور اگر انہیں سرکار کی طرف سے راحت نہیں پہنچائی گئی تو اس سے منسلک ہزاروں افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن صدر نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے دی گئی ہڑتالی کال ’چکہ جام ‘ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ حکومت اس شعبے کو نظر انداز کر رہی ہے۔وہیں گزشتہ برسوں میں حکومت نے اپنی مختلف پالیسیوں اور ہدایات کے ذریعے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے معمول کے کام کو مشکل بنا دیا ہے۔ نامساعد حالات اور کووڈ میں کئی برس ضائع ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹرز کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ اس کے بجائے ان پر نئے ٹیکسوں اور دیگر چارجز کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔