سری نگر کے عید گاہ علاقے میں جمعرات کو نامعلوم اسلحہ برادروں کے ہاتھوں قتل ہونے والی اسکول پرنسپل کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور دیگر احباب و اقارب نے جمعہ کے روز یہاں سیول سکریٹریٹ کے باہر دھرنا دیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ سکھ برادری سے وابستہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد، جن میں زیادہ تر ہلاک ہونے والی خاتون کے رشتہ دار شامل تھے انہوں نے آلوچی باغ سے سیول سکریٹریٹ تک پیدل مارچ کیا اور وہاں پہنچ کر خاموش دھرنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ رشتہ داروں نے ہلاک خاتون کی لاش کو ایک اسٹریچر پر اٹھا رکھا تھا۔ سینئر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر اہل خانہ سے لاش کو بٹہ مالو لے جا کر آخری رسومات انجام دینے پر راضی کیا۔
اہل خانہ نے بٹہ مالو روانگی سے قبل انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے قاتلوں کو سزا سنانے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں ہلاک خاتون کی بٹہ مالو میں آخری رسومات انجام دی گئیں اور اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔