جموں وکشمیر کے سب ضلع ترال میں ان دنوں ریچھوں کی آبادی والے علاقوں کی طرف رخ کرنے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اس دوران آج سہ پہر لالگام ترال میں مقامی لوگ اس وقت حیران ہوگئے جب انہوں نے ایک بھاری بھرکم ریچھ کو دیکھ کر اس کا تعاقب کیا، مگر ریچھ ایک باغ میں داخل ہوگیا۔
ریچھ کے باغ میں داخل ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع ترال کے محکمہ وائلڈ لائف کو دی۔
اطلاع ملتے ہی وایلڈ لائف ترال کی ایک ٹیم نے انچارج محمد یوسف کی قیادت میں لالگام پہنچ کر ریچھ کو پکڑنے کے لیے تلاشی مہم شروع کی۔ جبکہ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ایک مقامی باشندہ نے بتایا کہ اس علاقے میں گذشتہ دنوں سے کئی ریچھ گھوم رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے مقامی باشندے اپنے گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ آج ایک ریچھ کی موجودگی کے بعد محکمہ وائلڈ لائف ٹیم یہاں پہنچ گئی ہے۔ تاہم ریچھ کو اب تک نہیں پکڑا گیا ہے۔
اس دوران ایک غیر ریاستی مزدور نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ریچھ کی موجودگی سے وہ تشویش میں مبتلا ہیں اور خصوصاً رات کو باہر نہیں نکل سکتے۔