مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائیوے نتن گڈکری (Nitin Gadkari Minister of Road Transport and Highways of India) نے ڈوڈہ میں جموں کے مختلف اضلاع کے لیے 11.723 کروڑ کی لاگت سے 25 ہائیوے پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ وزیر نے انڑ اسٹیٹ روڈ بھدرواہ چمبا روڈ، کشتواڑ دچھن، وائلو ٹنل، سُدھما دیو کھلینی ٹنل و اپروچ روڈ، پریم نگر ٹھاٹھری، بھنڈار کوٹ و دیگر کئی سڑکوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔
نتن گڈکری نے جموں و کشمیر میں پچیس نیشنل ہائے وے پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری (Union Minister Nitin Gadkari) نے بتایا کہ 'پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑک کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے مجھے یہاں آکر ان مسائل و مشکلات کو سمجھنے کا موقع ملا'۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اِن روڈ پروجیکٹ کی تکیمل کے بعد دنیا بھر سے سیاح یہاں آئیں گے اور جموں و کشمیر میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ سیاحت کے لیے چار چیزوں کا ہونا لازمی ہے۔ جس میں پانی، بجلی، روڈ کنکٹویٹی کمیونیکشن شامل ہیں جو جموں و کشمیر میں ہائیوے بننے کے بعد پوری ہو جائیں گی۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ وہ وزیر اعظم کی قیادت والی حکومت کے نقطہ نظر سے کام کر رہے ہیں اور جموں و کشمیر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اُنہوں نے ٹنل کی تعمیر کو ترجیح دی کیونکہ اس کے علاوہ دیگر کوئی چارہ نہیں ہے۔
ٹنل کی تعمیر سے ایک تو سفر محفوظ ہوگا ساتھ ہی ماحولیات کو بھی نقصان نہیں ہوگا۔ ملک بھر میں بننے والے ٹنلوں میں سے پچاس فیصدی ٹنل جموں وکشمیر میں بن رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ دو سال کے اندر ایک لاکھ کروڑ کا کام کریں گے اور مزید ٹنلوں پر کام جاری ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر جیتندر سنگھ (Dr. Jitendra Singh) اور جگل کشور شرما (Jugal Kishore Sharma) نے مسلسل اُن کو جموں و کشمیر میں ترقی کے لیے مدعو کیا، اس لیے وہ ڈوڈہ آکر اِن پروجیکٹس کا افتتاح کر رہے ہیں۔ دو سال کے اندر جموں سرینگر قومی شاہراہ کا کام مکمل ہو جائے گا اور طویل سفر گھٹ کر محض چار گھنٹوں کا رہ جائے گا۔ اس کے علاوہ وادی کشمیر کے لیے بھی کئی پروجیکٹس پر کام چل رہا ہے۔ جس میں نو کلو میٹر طویل چنینی ناشری ٹنل شامل ہے، جس کو مکمل کرکے ڈاکٹر شیامہ پرساد مکھرجی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔جنہوں نے جموں وکشمیر کے لیے قربانی دی تھی۔
ناشری تا بانہال تک مارچ 2022 تک کام مکمل ہو جائے گا۔سدھما دیو کھلینی شاہراہ بھی اگلے سال تک مکمل ہو جائے گی۔ دہلی کٹرہ کے لیے اکسپرس ہائیوے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ آنے والے دو مہینوں میں کام شروع ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں:نئے جموں و کشمیر کی تعمیر شروع: منوج سنہا
مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ڈوڈہ کے سیاسی رہنماؤں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اُن کو گذشتہ 70 برسوں کا جواب دینا پڑے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان سیاسی رہنماؤں نے اپنے گھروں تک سڑک نہیں پہنچایا، اب وہی لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔