جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے نارکو ٹررزم کو بہت بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک ایک طرف ہماری نئی نسل کو تباہ کرنے کے درپے ہے اور دوسری طرف نارکو سے کمایا پیسہ یہاں ملی ٹینسی کے دوام کے لیے بھیج رہا ہے۔ موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار وسطی ضلع گاندربل کے منی گام میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا۔ Dilbagh Singh On Narco Terrorism
انہوں نے کہا کہ نارکو ٹررزم پولیس کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گر چہ پولیس اس کے ماڈیولز کو تباہ کرکے اس کا بھر پور طریقے سے مقابلہ کر رہی ہے تاہم پھر بھی اس حوالے سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک (پاکستان) جموں وکشمیر میں امن واپس لوٹ آنے سے خوش نہیں اور وہ یہاں نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرکے منشیات کی خرید وفروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو ملی ٹینسی کو ہوا دینے کے لیے استعمال کرکے عسکریت پسندی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ڈی جی پی نے مزید کہاکہ ڈرونز کو اس طرف بھیج کر جموں وکشمیر کے حدود میں منشیات اور ہتھیار بھیجے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے اس خطرے کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس سربراہ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں منشیات کو روکنے کے لیے مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اب یہ ایک نیا چیلنج اُبھر کر سامنے آیا ہے۔ موصوف ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ جموں وکشمیر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولیس پرعزم ہے لیکن ہمارا پڑوسی امن و و امان کو درہم برہم کرنے کی مسلسل سازشیں کر رہا ہے۔