جموں وکشمیر اور لداخ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور کام کاج سے متعلق تجزیاتی رپورٹ پر منبی کتاب" انیلیسز آف ایکریڈیشن آف یونین ٹریٹریز جموں وکشمیر اینڈ لداخ" کی رسم اجرائی منوج سنہا نے ایس کے آئی سی سی میں انجام دی ہے۔
رسم اجرائی انجام دینے کی تقریب منعقد کرنے میں نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیشن کونسل کو سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کا تعاون رہا۔ اس خاص تقریب میں جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جب کہ این اے اے سی(نیک) اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے عہدیداران، ڈائریکٹر کالجز، مختلف کالجز کے پرنسپل صاحبان، صوبائی کمشنر کشمیر اور ڈائریکڑ سکمز صورہ کے علاوہ دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے رجسٹرار پروفیسر محمد افضل زرگر نے نظامت کے فرائض انجام دیے جب کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیک (naac) کی جانب سے کتاب کی صورت میں پیش کی گئی اس تجزیاتی رپورٹ نے نہ صرف جموں وکشمیر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مزید بہتری لانے کی گنجائش پیدا کی ہے بلکہ جدید تقاضوں کے عین مطابق طلباء کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ضروریات کو بھی اجاگر کیا ہے۔