مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سرینگر میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں نافذالعمل بندشوں کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے-
پولیس نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں متعدد دکانداروں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے کے سلسلے میں گرفتار کیا اور اس کے علاوہ عیدگاہ میں ایک گیس ایجنسی کو سربمہر کیا ہے۔
لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد افراد گرفتار پولیس ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ تھانہ پولیس صدر سرینگر نے موجودہ حالات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے نو دکانداروں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کئے ہیں-
انہوں نے کہا سرینگر پولیس کی جانب سے عوام الناس سے مودبانہ گزارش کی جاتی ہے کہ کووڈ 19 وبائی بیماری کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ اس وبائی مرض کے پھیلاؤ پر قابو پایا جاسکے۔
پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ضلع سرینگر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دئے گئے خطوط پر عمل نہ کریں تو اُس کے خلاف کاروائی کی جائےگی۔
ادھر اس دوران سرینگر پولیس اور تحصیلدار حلقہ انتخاب عید گاہ نے حسن البنات کالونی میں ہمدان گیس ایجنسی کو سربمہر کیا- بتادیں کہ مذکورہ گیس ایجنسی میں سو سے زائد گیس سیلینڈر موجود تھے جبکہ ایجنسی مقامی بستی کے حدود میں کام کررہی تھی اور اس کو مقامی لوگوں کے لئے ایک بڑے خطرے سے تعبیر کیا جارہا تھا۔
پولیس نے اس معاملے کے اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ تحصیلدار کے ہمراہ گیس ایجنسی پے چھاپہ مارا اور اس سے مقامی بستی میں واقع ہونے کے پیش نظر سیل کردیا گیا-
پولیس نے ہمدان گیس ایجنسی کے مالک کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر52/2020 متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ہے اور اس کے خلاف کاروائی شروع کی۔