کشمیر فروٹ گروورس کم ڈیلرس یونین کا کہنا ہے کہ ایرانی سیب کی بھارتی منڈیوں میں درآمد کی وجہ سے کشمیری کاشتکاروں کو بھاری نقصان ہوگا۔ یونین کے مطابق افغانستان کے راستے ایرانی سیب کی دہلی کے بازاروں تک بغیر کسی ٹیکس یا ڈیوٹی کے درآمد سے سیب کی قیمت میں گراوٹ آئے گی جس کی وجہ سے کشمیر کے سیب کاشتکاروں اور ڈیلرز کا مالی نقصان ہوگا۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویزالدین سے بات کرتے ہوئے فروٹ گروورس کم ڈیلرز یونین کے چئیرمین بشیر احمد بشیر نے کہا کہ ’بھارت اور افغانستان کے درمیان صفر درآمدی ڈیوٹی معاہدے کے کی وجہ سے کشمیر کاشتکار اور ڈیلرز بری طرح متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 اور پھر گزشتہ کورونا وبا کے سبب لاک ڈاون کی وجہ سے پہلے ہی باغبانی شعبہ بھاری نقصان سے دوچار ہے۔ ایسے میں موسم سرما کے دوران قومی شاہراہوں کے بند ہونے کی وجہ سے بھی شعبہ کو شدید نقصان ہورہا ہے۔