"تو نہ جا میرے بادشاہ ایک وعدے کے لیے "Tu Aaja mere badshah, eek wade ke liye آنندبخشی کے لکھے گئے اس خوبصورت گیت کو تقریباً ہر کسی نے محمد عزیز اور الکا یاگنک کی آوازوں میں کئی بار سننا ہی ہوگا۔ لیکن عدنان اور اقبال نے اپنی جگل بندی سے" خدا گواہ" فلم کے اس نغمے کو رباب اور سارنگی پر ایسے پیرویا کہ ہر ایک سننے اور دیکھنے والا واہ واہ کرتا رہا۔
دراصل وادیٔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے اقبال احمد شاہ اور عدنان منظور نے حال ہی میں رئیلٹی شو 'ہنر باز' Reality Show Hunar Baaz میں سارنگی اور رباب کے سنگم سے " تو نہ جا میرے بادشاہ ایک وعدے کے لیے" کو منفرد انداز میں پیش کر کے ایسا سماں باندھا کہ شو میں موجود جج صاحبان اور دیگر حاضرین عش عش کرتے رہ گئے۔
عدنان اور اقبال کے بہترین فنی مظاہرے Kashmiri Artists Adnan & Iqbal سے نہ صرف شو کے جج کرن جوہر، پرینیتی چوپڑا اور میتھن چکروتی بے حد متاثر ہوئے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی عدنان اور اقبال کی کافی تعریفیں ہورہی ہیں۔
عدنان اور اقبال کو اس منزل تک پہنچنے کی خاطر جدوجہد کے دوران کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت اور حوصلہ کا دامن نہیں چوڑا۔
یہ ہنر باز کہتے ہیں کہ انہوں نے یوٹیوب پر" بہار" کے نام سے ایک ویڈیو اپلوڈ کیا تھا۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد رائلٹی شو کے منتظمین نے انہیں رابطہ کیا۔