محکمہ موسمیات نے وادی میں 20 جنوری سے برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ چار دنوں تک مسلسل بند رہنے کے بعد درماندہ گاڑیوں کی نقل وحمل کے لیے ہی کھلی رہی۔
کشمیر: شہر کی سڑکیں زیر آب اور دیہات کی سڑکیں زیر برف - دن بھر ابر آلود
وادی کشمیر میں چلہ کلان کی طرف سے بھر پور طاقت کے مظاہرے کے درمیان موسم خشک مگر دن بھر ابر آلود رہا تاہم شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہونے سے سردی کی شدت میں کمی محسوس کی جارہی ہے۔
ہائی وے انتظامیہ کے مطابق جمعہ کے روز پہلے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی اس کے بعد شاہراہ پر با قاعدہ ٹریفک بحال کیا جائے گا۔
وادی میں بانہال تا بڈگام ٹرین سروس جمعہ کے روز بحال ہوئی تاہم بڈگام بارہمولہ ریلوے سروس ہنوز معطل ہی ہے۔
ایک ریلوے عہدیدار نے کہا کہ بانہال میں پھنسے مسافروں کی سہولیت کے لیے گزشتہ روز بڈگام بانہال ٹریک پر دو ریل گاڑیوں کو چلایا گیا اور جمعہ کے روز ٹرین سروس حسب دستور جاری رہی۔
انہوں نے کہا کہ بڈگام بارہمولہ ٹریک پر برف کو ہٹانے کے لیے سنو کٹر کو کام پر لگایا گیا ہے اور ہفتے کے روز ٹریک پر ٹرین سروس بحال ہوگی۔
وادی میں فضائی ٹرانسپورٹ بحال ہے اور موسم خشک رہنے کے پیش نظر جمعہ کے روز ہوائی ٹرانسپورٹ حسب معمول جاری رہا۔