سرینگر:جونیئر نیشنل ووشو چیمپئن شپ میں جموں و کشمیر کے لیے کیفہ شاہ نے 56 کلوگرام زمرے میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ محمد علی، مشرف، اجمل اور آنسہ چشتی نے چاندی کا تمغہ اور محمد عامر، واسو اور پلکیت سنگھ نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ Junior National Wushu Championship
اس چیمپئن شپ کی گولڈن گرل کیفہ شاہ نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ 'پہلے میچ سے ہی ان کی نگاہ طلائی تمغے پر تھی کیوں کہ انہوں نے اس چیمپیئن شپ کے لیے کافی محنت کی تھی۔
جموں و کشمیر جونیئر ووشو ٹیم سرینگر کے راول پورہ علاقے کی رہنے والی 16 برس کی کیفہ شاہ کا کہنا ہے کہ 'وہ پہلے بیڈمنٹن کھیلتی تھیں تاہم بعد میں سنہ 2013 سے وُوشو کھیلنا شروع کیا۔ اس دوران وہ زخمی بھی ہوئی اور تقریباً چھ مہینے تک بیڈ پر رہیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے بتایا کہ 'ان کی کمر میں چوٹ لگی تھی اس کے باوجود لاک ڈاؤن کے دوران مشقت کرتی رہیں۔ سنہ 2016 میں پہلی بار نیشنل لیول پر میڈل حاصل کیا تھا اور اس بار گولڈ میڈل جیت کر ایک خواب کو پورا کیا۔
کیفہ نے مزید کہا کہ 'ہریانہ اور منی پور کی ٹیم کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے لیکن جس طریقے سے جموں و کشمیر کی ٹیم نے اس بار اُن کو شکست دی، اس سے اب جموں و کشمیر کا دبدبا بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'میرے والدین نے ہمیشہ ساتھ دیا اور کوچز نے بہت محنت کی اور نتیجہ آپ دیکھ رہے ہو۔ ابھی منزلیں اور بھی ہیں۔ کیفہ نے نیشنل کیمپ میں جانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ انڈونیشیا میں مقابلے کے لیے منتخب ہوں گی۔
اپنی جیت کے لمحے کو یاد کرتے ہوئے کیفہ نے کہا کہ 'پہلے راؤنڈ کا تو خیال نہیں لیکن جب دوسرے راؤنڈ کی سیٹی بجی تو میں رو پڑی اور اپنی والدہ اور اپنے کوچ کو دیکھتی رہی۔ میرا خواب پورا ہوا تھا۔ واضح رہے کہ کیفہ شاہ اپنے خاندان میں اکیلی نہیں ہیں جو ووشو کھیلتی ہیں، اُن کی چھوٹی بہن الیزا شاہ بھی نیشنل چیمپیئن ہیں، اسی لیے ان دونوں بہنوں کو 'شاہ سسٹرز' کے نام سے جانا جاتا ہے۔
کیفہ شاہ نے کہا کہ 'کشمیر میں خواتین اور مردوں کو کھیلوں میں دلچسپی لینی چاہیے۔ جو وقت موبائل استعمال کرنے میں صرف کرتے ہیں وہ کھیلوں میں استعمال کریں جس سے ذہنی اور جسمانی تندرستی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وہیں دوسری جانب دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ ووشو کوچ کلدیپ ہینڈو نے بھی جموں و کشمیر کی ٹیم کی تعریف کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ابھی شروعات ہے منزل ابھی اور بھی ہیں۔ ایشن گیمز اور اولمپکس میں میڈل جیتنا ہے۔