سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں نامعلوم افراد نے غیر مقامی چھاپڑی فروش کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ہلاک شدہ شخص کی شناخت بہار کے رہنے والے اروند کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق 'عیدگاہ باغ کے نزدیک نامعلوم عسکریت پسندوں نے پانی پوری بیچنے والے ایک غیر مقامی شخص پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
اس کے علاوہ ضلع پلوامہ میں بھی ایک غیرمقامی کار پینٹر پر حملہ کیا جس میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا تھا تاہم بعد میں اس کی بھی موت ہوگئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ 'اس حوالے سے پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور تحقيقات جاری ہیں۔'
اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کے سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں ہفتے کی شام 'ٹارگٹ کلنگ' کے دو واقعات میں دو غیر مقامی مزدور مارے گئے ہیں۔
دو غیر مقامی مزدور کی ہلاکت کے ساتھ وادی کشمیر میں حالیہ دنوں میں 'ٹارگٹ کلنگ' کے واقعات میں مارے جانے والے غیر مقامی مزدوروں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔
'ٹارگٹ کلنگ' کے تازہ واقعات سری نگر کے صفا کدل اور پلوامہ کے کاکہ پورہ میں رونما ہوئے ہیں۔
سری نگر کے صفا کدل علاقے میں عید گاہ کے نزدیک نامعلوم اسلحہ برداروں نے ہفتے کی شام ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک چھاپڑی فروش کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے ہفتے کی شام عید گاہ کے نزدیک اربند کمار شاہ نامی چھاپڑی فروش پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ بہار کے ضلع بانکا سے تعلق رکھنے والے اربند کمار کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔