جموں و کشمیر انتظامیہ نے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں میں تعینات ان ملازمین جن کی 22 سال سروس مکمل ہوئی ہو یا جن کی عمر 48 برس سے اوپر ہوئی ہو کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔
محکمہ فائنانس کے کمشنر ڈاکٹر ارون کمار مہتا کی جانب سے 15 جولائی کو اجرا کیے گئے حکم نامے کے مطابق اُن تمام ملازمین جن کی کارکردگی کی رپورٹ مثبت نہ ہو یا جو ملازمت کی خدمات انجام دینے کے قابل نہ ہوں ان کی رپورٹ پیش کی جائے۔
جائزہ کمیٹی جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو یہ رپورٹ پیش کرے گی جو متعلقہ اختیارات رکھنے والی اتھارٹی یعنی چیف سیکریٹری یا ایل جی کو پیش کی جائے گی، جو ان ملازمین کو نوکری سے سبکدوش کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ایل جی انتظامیہ نے جموں وکشمیر سول سروس ریگولیشن قانون 226 (2) میں ترمیم کرکے سرکاری ملازمین کو سبکدوش کرنے کے اختیارات حاصل کیے ہیں۔
اس ترمیم کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کے انتظامی سکریٹریوں کو ہدایت دی تھی کہ 'وہ اپنے محکموں میں ان ملازمین کی فہرست تیار کرے جن کی 22 سال سروس یا 48 سال عمر مکمل ہوئی ہو اور ان کی کارکردگی قابل ستائش نہ ہونے کے سبب ان کو نوکری سے نکال دیا جاسکے۔'