اردو

urdu

ETV Bharat / city

عمران خان کا نریندر مودی کو جوابی خط - پاکستان کے وزیراعظم عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بھیجے گئے خط کا جواب دیا ہے، جس میں انہوں نے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھارت اور پاکستان کے مابین خاص طور سے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کو کافی اہم قرار دیا ہے۔

imran khan
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان

By

Published : Mar 30, 2021, 9:25 PM IST

وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گذشتہ دنوں اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کے یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی تھی، اسی خط کے جواب میں آج عمران خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جوابی خط لکھا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ بھارت کے عوام کو کووڈ-19 سے مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس سے محفوظ رکھنے کے لیے دعا گو ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے خط میں مزید لکھا کہ ہمارا یقین ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بھارت اور پاکستان کے مابین خاص طور سے جموں و کشمیر کا تنازع کافی اہم ہے، جس کی وجہ سے ان تمام امور کو حل کرنا نہایت ضروری ہے۔

عمران خان نے خط میں جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور استحکام کے لیے ٹھوس اور فیصلہ کن بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

عمران خان کا نریندر مودی کو جوابی خط

یہاں اس بات کا ذکر مناسب ہوگا کہ بھارتیہ وزیر اعظم کی جانب سے ہر سال اس طرح کا مکتوب پاکستان کے وزیر اعظم کو بھیجا جاتا ہے۔ پاکستان میں 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا رواج ہے، وزیراعظم مودی نے اسی مناسبت سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ''ایک پڑوسی ملک کے طور پر، بھارت پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔

خیال رہے کہ پچھلے مہینے بھارتی اور پاکستانی افواج نے 2003 میں جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگ ​​بندی کی سفارش کی تھی، دریں اثنا بھارت اور پاکستان کے انڈس کمیشن کے کمشنرز کا دو روزہ سالانہ اجلاس گذشتہ منگل کو ہوا، جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے ذریعہ دریائے چناب پر بنائے جانے والے پن بجلی منصوبے پر پاکستانی فریق کی جانب سے اعتراضات کیے گئے۔

سندھ واٹر کمیشن کا یہ سالانہ اجلاس دو سال بعد منعقد ہوا تھا، گزشتہ سال کورونا کے باعث یہ اجلاس نہیں ہو سکا تھا، رواں ماہ کے آغاز میں سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے دو طرفہ طریقے سے حل کرنے کے لیے بھارت پرعزم ہے لیکن بامقصد بات چیت صرف سازگار ماحول میں ہی ہوسکتی ہے اور اس ماحول کو بنانے کی ذمہ داری اسلام آباد پر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر سے خصوصی حیثیت واپس لیے جانے کے بعد 2019 میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details