اردو

urdu

ETV Bharat / city

کشمیر میں گذشتہ دنوں ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظرسیکیورٹی سخت - کشمیر میں شہری اور غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت

کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے خلاصہ کیا کہ 'عام شہریوں کے موٹر سائکل ضبط کرنا اور کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی تشدد کو روکنے کے لئے ہے۔

کشمیر میں گذشتہ دنوں ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظرسیکیورٹی سخت
کشمیر میں گذشتہ دنوں ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظرسیکیورٹی سخت

By

Published : Oct 21, 2021, 9:12 PM IST

وادی کشمیر میں شہری اور غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکتوں کے پیش نظر پولیس نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں شہریوں کے موٹر سائیکل ضبط کیے ہیں اور پولیس نے سینکڑوں افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

کشمیر میں ہلاکت کے پیش نظرسیکیورٹی سخت

اس تعلق سے کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ' عام شہریوں کے موٹر سائکل ضبط کرنا اور کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی تشدد کو روکنے کے لئے ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے اس بات کا بھی خلاصہ کیا ہے کہ یہ اقدامات وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے کے پیش نظر نہیں کیے جارہے ہیں۔' واضح رہے کہ 23 تا 25 اکتوبر کو وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے دورے پر آرہے ہیں، جس دوران وہ سیکورٹی اور تعمیراتی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد سے پولیس کی جانب سے عام شہریوں کے موٹر سائیکل ضبط کئے جارہے ہیں، جس کی عوامی اور سیاسی حلقوں میں تنقید کی جارہی ہے۔ گذشتہ روز کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے پولیس کی اس کارروائی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'ان اقدامات سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

اس تعلق سے غلام نبی آزاد کا مزید کہنا تھا کہ گاڑیوں کا ایندھن مہنگا ہونے کے بعد لوگ موٹر سائیکل کو ہی ترجیح دے رہے ہیں، لیکن پولیس کی اس کارروائی سے ان کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں گذشتہ دنوں پولیس اور نیم فوجی دستوں نے سرینگر میں عام شہریوں کی تلاشی لینے اور شناختی کارڈ پوچھنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا ہے۔

دریں اثنا قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے بھی شہری ہلاکتوں کے بعد کیس درج کرکے تلاشی کارروائی اور گرفتاریاں تیز کردی ہیں۔ سرینگر کے نواب بازار علاقے میں این آئی اے نے ایک مقامی دکاندار کے دکان اور مکان کی چھاپہ ماری کرکے تلاشی کارروائی کی۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کی ایک ٹیم نے یونس فاروق بٹ کے گھر اور موبائل کی دکان میں چھاپہ مارا۔ یونس فاروق 8 اکتوبر سے پولیس حراست میں ہے۔

این آئی اے نے شہری ہلاکتوں کے سلسلے میں 10 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا ہے اور گذشتہ دو ہفتوں سے 13 افراد کو گرفتار کیا ہے اور کئی مقامات پر چھاپہ ماری بھی کی ہے۔


مزید پڑھیں:ہمیں فرقہ پرستی کے خلاف متحد ہونا ہوگا: فارو ق عبداللہ


غور طلب ہے کہ اکتوبر کے دو ہفتوں میں سرینگر، کولگام اور پلوامہ میں نو عام شہریوں بشمول پانچ غیر مقامی مزدور ہلاک ہوئے ہیں جس سے وادی میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ مزید ہلاکتوں کو روکنے کے لئے پولیس اور سیکورٹی فورسز نے عسکریت مخالف کارروائی تیز کرکے 15 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

For All Latest Updates

TAGGED:

ABOUT THE AUTHOR

...view details