کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار کا کہنا ہے کہ 'سری نگر میں ابھی بھی چار عسکریت پسند سرگرم ہیں جنہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا یا پھر ہلاک کیا جائے گا'۔ انہوں نے کہا کہ 'گرچہ ہم نے گذشتہ برس اگست میں یہ کہا تھا کہ 'سری نگر میں کوئی عسکریت پسند نہیں، لیکن ستمبر کے پہلے ہفتے میں عباس نامی ایک عسکریت پسند ضلع کولگام سے یہاں آکر یہاں کہ سات نوجوانوں کو اپنی جماعت میں شامل کیا ہے۔ انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں ایک اسپورٹس ایونٹ کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے کہا۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے پانچ کو اب تک ہلاک کیا جاچکا ہے۔ کمار نے کھیل سرگرمیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'عسکریت پسندی کا گراف گھٹ رہا ہے، کھیل سرگرمی ایک الگ چیز ہے، اس سے نوجوانوں کی شخصیت سازی ہوتی ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس بھی ایسی سرگرمیوں کو جلد ہی شروع کرے گی۔