سری نگر: کانگریس سے علیٰحدگی اختیار کرنے والے غلام نبی آزاد کے ساتھ جموں و کشمیر کے متعدد سابق ممبران اسمبلی اور سینئر لیڈران نے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ معلوم ہوا ہے کہ ستمبر میں غلام نبی آزاد ایک نئی سیاسی پارٹی تشکیل دے رہے ہیں اور اس میں کئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے شمولیت اختیار کرنے کا من بنالیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ غلام نبی آزاد آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر آرہے ہیں اور اُن کے استقبال کی خاطر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ Gulam Nabi Azad meets JK Leaders
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ غلام نبی آزاد کی جانب سے نئی پارٹی تشکیل دینے سے جموں وکشمیر کی مقامی سیاسی پارٹیوں کے اندر بھی بھونچال آنے کا امکان نظر آرہا ہے اور متعدد لیڈران اور سابق ممبران اسمبلی نے نئی پارٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ یو این آئی اردو کو معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر کے متعدد سابق ممبران اسمبلی اور سینئر لیڈران ہنگامی بنیادوں پر آزاد صاحب کی نئی دہلی رہائش گاہ پر پہنچے اور اُنہیں مبارکباد دی ۔
ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں دن بھر غلام نبی آزاد کی رہائش گاہ پر جموں وکشمیر کے سینئر لیڈران کا تانتا بندھا رہا جس سے یہ صاف ظاہر ہورہا ہے کہ غلام نبی آزاد کی پارٹی میں مقامی لیڈران کی ایک بڑی تعداد شمولیت اختیار کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی رہائش گاہ پر غلام نبی آزاد کے ساتھ ہفتے کے روز نو سابق ممبران اسمبلی سمیت متعدد لیڈران نے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر کی مین اسٹریم پارٹیوں کے کئی لیڈران نے غلام نبی آزاد کو فون پر مبارکباد دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کے حوالے سے مرکزی اور ریاستی سطح پر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں لہذا غلام نبی آزاد نے جموں وکشمیر میں ہی اپنی نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔