سرینگر:فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لیے منتخب ہوئے اُمیدواروں نے ہفتہ کے روز سرینگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ انہوں نے یہ احتجاج ان کے سلیکشن لسٹ کو منسوخ کرنے کے افواہوں کے رد عمل میں کیا۔ منتخب امیدواروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ لسٹ کو کالعدم قرار نہ دیے جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے اُن کی پانچ سال کی محنت پر پانی پھِر جائے گا۔Finance Accounts Assistant Selected Candidates Protest Continue
بتادیں کہ جموں وکشمیر پولیس سب انسپکٹر امتحانات میں دھاندلیوں کے بعد فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ امتحانات پر بھی سوالات اُٹھ رہے ہیں اور پچھلے دو روز سے افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ اس لسٹ کو بھی کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے۔سنیچر کے روز سرینگر کی پریس کالونی اور جموں پریس کلب کے باہر سینکڑوں منتخب امیدواروں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور الزام لگایا کہ اُن کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔اس دوران میڈیا سے بات کرتے منتخب اُمیدواروں نے کہ اگر کسی نے غلط کیا ہے تو اس کی تحقیقات ہونی چاہئے لیکن یہ کہاں کا انصاف ہے کہ منتخب اُمیدواروں کے لسٹ کو کالعدم قرار دے کر اُن کی محنت پر پانی پھیرا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فائنانس اکاونٹ اسسٹنٹ میں کامیابی حاصل کرنے کی خاطر اُمیدواروں نے پچھلے پانچ سالوں سے محنت کی ہے اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس لسٹ کو بھی منسوخ کیا جائے گا جو ہمارے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے۔احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ محنتی اُمیدواروں کے ساتھ انصاف کیا جانا چاہئے، اگر ایسا نہیں ہوا تو ہم اپنے اہل و عیال کے ہمراہ سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔