کشمیر کے نوجوان دیگر شعبہ جات کے ساتھ ساتھ اداکاری اور فلم سازی بھی میں نہ صرف آگے بڑھ رہے ہیں بلکہ اپنی اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابل تعریف کام انجام دے رہے ہیں۔
اس کی بہترین مثال جنید حنیف کی ہدایت کاری میں بنے "ہمی است " نام کے اس ویڈیو کی دی جاتی جاسکتی ہے جو کہ آج کل کافی مقبول ہورہا ہے۔
وادی کشمیر کی تیس سالہ شورش اور تین پیڑھیوں کے درد پر مبنی "ہمی است" ویڈیو کو رواں ماہ کی 18 تاریخ کو ریلیز کیا گیا ہے۔ ویڈیو کو ڈائریکٹ کیا ہے جنید حنیف نے جبکہ ویڈیو کے نغمہ نگار، گلوکار اور سنگیت کار بالی ووڈ گلوکار سائم بٹ ہیں۔ اس کے علاوہ ویڈیو کو بنانے میں بالی ووڈ کے مشہور کوریوگرافر ریمو ڈیسوزا کا بھی تعاون رہا ہے۔
جنید کے بنائے گئے اس ویڈیو میں کشمیر کی موجودہ صورتحال کے دوران رونما ہوئے کئی درد بھرے واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں افسردگی، درد، بے چینی اور ضطراب کو بیان کیا گیا۔
شہر سرینگر کے رہنے والے 21 سالہ جنید حنیف اس سے قبل بھی انسانی سمگلنگ سے متعلق سماجی پیغام پر مبنی "گردش" نام کے ویڈیو میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2020 میں پہلی مرتبہ " بالہ یارو" نام کی ایک میوزکل ویڈیو میں بھی بطور اداکار کام کیا ہے۔
اب نئے ویڈیو میں جنید نے اپنی ہدایت کاری میں مزید نکھار لاتے ہوئے اسے ایک الگ انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ویڈیو کی اکثر شوٹنگ رات کے اندھیرے میں مخصوص مقامات پر کی گئی ہے۔