ترال ٹاون سے تقریبا تین کلومیٹر دور شکارگاہ نہ صرف ترال بلکہ پوری وادی میں ایک قدیم سیاحتی مقام ہے۔ لیکن امتداد زمانہ سے یہ مقام اب گویا سرکاری نظروں سے اوجھل ہے۔ جہاں نہ صفائی ستھرائی کا معقول انتظام ہے اور نہ ہی سیر پر آنے والے سیاحوں کے قیام کا کوئی نظم ہے۔ جبکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے بنائے گیے ہٹ اب زبوں حالی کی داستان بیان کر رہے ہیں۔
سیموہ ترال سے سیر کے لئے آئیں سمرنجیت کور نام کی سیاح نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے شکارگاہ کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ وہ یہاں سیر کے لئے آئی تھیں۔ تاہم سوئے اتفاق یہاں ہر طرف گندگی ہے اور متعلقہ حکام کی جانب سے کوڑے دان بھی نہیں رکھے گئے۔ یہاں موجود لکڑی کا پل بوسیدہ ہو چکا ہے لیکن انتظامیہ سارے معاملات سے شاید انجان ہے۔