جموں:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی متحرک و فعال قیادت میں یونین ٹریٹری کا اک ودھان، اک نشان اور اک پردھان کا ستر سالہ پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور مابعد پانچ اگست 2019 یہاں لوگوں نے نئے خواب دیکھنا شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پورے ملک کو جموں وکشمیر سے لے کر کنیا کماری تک ایک جھنڈا اورایک لیڈر نصیب ہوا ہے جو آج ہمارے درمیان موجود ہیں۔PM Modi Visits Jammu
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو سانبہ کے پلی گاﺅں میں پنچایتی راج دیوس کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ، 'سال 1947 کے بعد جموں وکشمیر میں صرف 15ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ آج جموں وکشمیر حکومت کے پاس 52 ہزار کروڑ روپیہ کی تجاویز ہیں جن میں سے 38 ہزار کروڑ روپیہ کی سرمایہ کاری کی تجاویزکا وزیر اعظم نریندر مودی نے آج افتتاح کیا۔'
ایل جی سنہا نے کہا، 'اگلے چند سالوں میں ہم 70ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کریں گے جس کے ذریعے تقریباً سات سے آٹھ لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔' انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔ ایل جی نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی راج کو مضبوط کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا گیا اور آج یہاں پر تین ٹائر پنچایتی راج سسٹم قائم ہے جس سے پنچایتی نمائندوں کو اختیارات حاصل ہوئے ہیں۔