مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن جموں و کشمیر کے دورزہ دورے پر ہیں، آج سرینگر کا دورہ کر کے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے سرینگر کے راجباغ میں انکم ٹیکس کے صدر دفتر (Income Tax Offices) کا افتتاح کیا، انہوں نے یہاں بتایا کہ گذشتہ 70 برسوں سے جموں وکشمیر میں ترقی کے سارے راستہ بند تھے لیکن دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد ترقی کے سارے دروازے کھل گئے ہیں۔
جموں و کشمیر میں 370 کی منسوخی کے بعد ہی ترقی کے دروازے کھلے انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ دفعہ 370 جموں و کشمیر کی ترقی اور تعمیر میں ایک رکاوٹ تھی اور اس دفعہ کو منسوخ کرنے سے یہاں ترقی کے دور کا آغاز ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے بجلی کی پیداوار کے تعلق سے کہا کہ جموں و کشمیر میں 20 ہزار میگا واٹ پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، لیکن گزشتہ 70 برسوں سے اس جانب کسی نے دھیان ہی نہیں دیا تھا۔
وزیر خزانہ نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ سابقہ حکومتوں کی نا اہلی رہی کہ انہوں نے پن بجلی پیدا کرنے کے وسائل کو استعمال میں نہیں لیا اور ان کی اس نا اہلی کی وجہ سے جموں وکشمیر میں آج بھی بجلی دستیاب نہیں ہو پارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پورے شمالی بھارت کو بجلی مہیا کراسکتا ہے اور یہاں کی حکومت سے اس آمدنی کا بہتر ذریعہ بھی بنا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ آج سرینگر میں انہوں نے یہاں کہ تاجروں کے علاوہ محکمہ خزانہ کے افسران کے ساتھ یونین ٹریٹری کی موجودہ اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا۔ منگل کو وہ جموں میں تاجروں و دیگر متعلقہ افسران سے جموں کی اقتصادی صورتحال پر بات کریں گی۔