جموں و کشمیر میں چودہ سے بیس اپریل تک محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے فائر سروس ویک منایا جارہا ہے، یہ ہفتہ لوگوں میں بیداری اور ان بہادر فائر عملے کی یاد میں منایا جاتا ہے، جو لوگوں کی جان و مال کو بچاتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
وہیں جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں واقع تحصیل آری پل میں فائر اسٹیشن نہ ہونے سے عوام پچیس برس سے علاقے میں فائر اسٹیشن کا مطالبہ کررہے ہیں اور اس تعلق سے متعدد عہدیدار کے پاس بھی گئے لیکن سوائے یقین دہانی کے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔
مقامی شخص محمد ایوب نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ہمارا علاقہ تقریباً چالیس دیہات پر مشتمل تو ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے آری پل کو ایک الگ تحصیل کا درجہ بھی دیا گیا لیکن عوام کے دیرینہ مطالبے ایک فائر اسٹیشن کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔
دوسرے مقامی شہری مشہور سنگھ نے بتایا کہ علاقے میں ایک فائر اسٹیشن کے لیے ایک سروے عمل میں لائی تو گئی لیکن اس سروے کا کیا ہوا اب تک معلوم نہیں ہوا جبکہ آگ کے حادثات رونما ہونے کی صورت میں جبکہ ترال اسٹیشن سے گاڑی نکلتی ہے تب تک آگ تباہی مچا چکی ہوتی ہے۔