تمام 20 ضلع ترقیاتی افسران نے اس ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی جس میں موجودہ اسمبلی نشستوں کی نئے سرے سے ترتیب اور ان میں سے مزید 7 نشستوں کے اضافے سے متعلق جغرافیائی خدوخال، نقشہ اور دیگر عوامل پر بات چیت کی گئی۔
ڈپٹی الیکشن کمشنر چندر بھوشن کمار نے جموں کشمیر کے 20 اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنرز کے ساتھ دو نشستوں میں میٹنگز منعقد کیں جس میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹز، انتظامی یونٹز میں پڑنے والے حلقوں اور دیگر امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی کی کچھ نشستیں حد بندی کے مشق کے تحت شیڈول ٹرائب کے لئے مختص رکھنا ہوں گی۔ حد بندی مشق کے بعد جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی تعداد 83 سے بڑھ کر 90 ہو جائے گی۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے لیے 24 نشستیں خالی رکھی جاتی ہیں۔
حد بندی پینل نے حال ہی میں موجودہ حلقہ بندیوں جن میں جغرافیائی خدوخال اور دستیاب سہولیات شامل ہیں، کے رقبے کا ڈاٹا طلب کیا تھا اور ڈپٹی کمشنرز سے کہا تھا کہ وہ انھیں مزید "جغرافیائی طور پر کمپیکٹ" بنانے کی تجاویز پیش کریں۔