گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں موجود سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر میں زیر تعلیم دو طالبات کرائے کے کمرے میں دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک طالبہ کو مردہ قرار دیا جبکہ دوسری کی حالت مستحکم ہے۔
دونوں طالبات وانی پورہ سالورہ میں ریاض احمد وانی کے گھر میں کرائے کے کمرے میں رہ رہی تھیں جہاں انہیں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔۔ دونوں کو فوری طور پر ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے ایک کو مردہ قرار دیا۔ جس کی شناخت شبناز دختر ممتاز احمد خان ساکنہ پونچھ کے طور ہوئی جبکہ دوسرے کی شناخت زیان کے نام سے ہوئی جس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
پولیس تھانہ گاندربل کے ایس ایچ او گلزار احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شبناز نامی طالبہ کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دوسری طلبہ کی حالت مستحکم ہے۔
ہسپتال کے اعلیٰ حکام کے مطابق امکان ہے کہ یہ واقعہ دم گھٹنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی وجہ معلوم ہوسکتی ہے۔