سرمائی اولمپکس کھیل 2022 Beijing Winter Olympics چین کے شہر بیجنگ میں اب سے کچھ ہی دن میں شروع ہونے والے ہے۔ وہیں ان کھیلوں میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے اسکایر محمد عارف خان Skier Muhammad Arif Khan بھی چین کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے تحصیل ٹنگمرگ علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد عارف خان نے سرمائی اولمپک کھیل کے دو ایونٹس میں کوالیفائی Arif Khan Qualified for Two Events کر کے بھارت کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
محمد عارف خان نے آسٹریلیا میں 35 دنوں کی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد کچھ دن کے لیے وادی کشمیر آئے تھے جہاں وہ اپنے دوستوں اور والدین سے ملے۔
اگرچہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر خان اولمپکس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کر رہے ہیں اور خود کو الگ تھلگ رکھے ہوئے تھے تاہم ای ٹی وی بھارت کے ساتھ مختصر گفتگو کے دوران کہا کہ "انہیں کامیابی کی امید ہے اور وہ پوری طرح سے تیار ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ "اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے سے پہلے یہاں مشق کرنے اور اب مشق کرنے میں کافی فرق ہے۔ لوگ اب زیادہ عزت کرتے ہیں اور مختلف خیالات کے ساتھ مجھ سے ملتے ہیں۔"
انہوں نے کہا ان کی کامیابی کے ساتھ جموں و کشمیر میں نوجوان کھلاڑیوں میں سکّینگ میں دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے جو کہ ایک خوشی کی بات ہے۔