جموں و کشمیر انتظامیہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے وعدے کی یاد دہانی کراتے ہوئے اپنی پارٹی سربراہ الطاف بخاری نے کہا کہ اُن کی جماعت کے کونسل ممبران کو یا تو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے یا پھر اُن کی نقل وحمل پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران بخاری نے کہا’’ہمارے پاس مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا کیونکہ یوٹی انتظامیہ بار بار ناکام رہی ہے اور دور دراز دیہات میں لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، میں لوگوں کو جھوٹے خواب دکھانا نہیں چاہتا‘‘۔
اپنی پارٹی نے ضلع ترقیاتی کونسل کی 280 نشستوں میں سے 15نشستوں جب کہ اُس کے حمایت یافتہ امیدواروں نے 21 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، بعد ازاں دیگر جماعتوں سے دو مزید ممبران بھی اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
بخاری نے کہا کہ بدقسمتی سے زمینی سطح پر انہیں بااختیار نہیں بنایا گیا اور جو منتخب ہوئے ہیں اُنہیں لگتا ہے کہ اُن کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے"۔