نیشنل کانفرنس نے وادی کشمیر میں منشیات کے استعمال کے پھیلاﺅ خصوصاً لاک ڈاﺅن کے دوران نوجوانوں میں تشویشناک حد تک اس وبا میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہارکیا۔ مبارک گل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ تشہیر بازی اور زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر نئی نسل کو بچانے کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھائے جائیں۔
پارٹی کے سینئر رہنما اور اسمبلی کے سابق اسپیکر مبارک گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے سب کو اپنا اپنا رول نبھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا: 'بدقسمتی سے ہمارے یہاں تباہ کن ادویات اور نشہ آور چیزوں کے استعمال کا پھیلاﺅ بڑھتا جا رہا ہے اور لاک ڈاﺅن کے دوران اس میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ پارکوں، کھنڈرات، قبرستانوں اور دیگر مقامات منشیات کے استعمال کے اڈے بن گئے ہیں'۔
مبارک گل نے کہا کہ حکومتی سطح پر اگرچہ منشیات کی فصلوں کو تباہ کرنے اور منشیات کا استعمال یا خرید و فروخت کرنے والوں کی گرفتاریاں عمل میں لانے جیسے اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یہ اقدامات محض تصویر بازی تک ہی محدود ہوتے ہیں کیونکہ ایسی کارروائیوں سے زمینی سطح پر منشیات کے استعمال اور کاروبار میں کوئی بھی کمی نہیں آرہی ہے بلکہ یہ وبا ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیلتی ہی جا رہی ہے۔