گاندربل:جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقہ ریشی پورہ سالورہ میں واقع ولی کامل حضرت سید قمر الدین بخاریؒ کا سالانہ عرس 33 سال بعد منانے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی چیئر پرسن نزہت اشفاق اور ڈی سی گاندربل نے فن فیئر میلے کا افتتاح کیا جو اس عرس کا ایک حصہ ہے۔ سالانہ عرس کی تقریباب 3 ستمبر 2022 سے شروع ہوئی جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ Jammu and Kashmir administration
سید قمرالدین بخاریؒ کا عُرس قمریہ مسلم وقف ٹرسٹ کے زیر اہتمام 6 ستمبر تک ہر روز نماز عصر کے بعد نماز مغرب تک ختمات المعظمات کی روح پرور مجالس کا انعقاد کیا گیا جائے گا۔ جس کی قیادت جامع مسجد قمریہ کے امام و خطیب مولوی بشیر احمد لون کریں گے۔ Syed Qamaruddin Bukhari Annual Urs
اس کے بعد 7 ستمبر کو شب عرس کی مناسبت سے نماز عشاء سے نماز فجر تک توبہ استغفار، اذکار، ختمات المعظمات کی مجلس ہوگی جس کی قیادت مولانا عبدالرشید داؤدی کریں گے۔ عرس کے بعد آنے والے جمعہ 9 ستمبر کو جامع مسجد قمریہ میں اولیاء کرام کانفرنس کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں نامور عالم دین مولانا خورشید احمد قانونگو، 'شان اولیاء' کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ Syed Qamaruddin Bukhari Dargah
رواں سال گاندربل ضلع انتظامیہ اور قمریہ مسلم وقف ٹرسٹ کے باہمی تعاون سے سالانہ عرس منانے کے لئے پچھلے ایک ہفتہ سے تیاریاں کی جارہی ہیں جس کے لیے سرینگر سے موٹر کشتیاں، سرکس، فن میلہ، سمیت درجنوں خوانچہ فروشوں کو عرس میں دعوت دی گئی ہے تاکہ سالانہ عرس میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع سے بھی بھاری اکثریت میں لوگوں کی شرکت یقینی ہوسکے۔
سالانہ عرس کے لئے حال ہی میں ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں افسران کو ہدایت دی گئی تھی کہ عرس کے دوران عقیدت مندوں اور زائرین کے لئے تمام سہولیات کو ممکن بنایا جائے جن میں بجلی، پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور طبی خدمات شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سید قمر الدین بخاریؒ کا سالانہ عرس جوش و خروش سے آخری مرتبہ سال 1989 میں منایا گیا تھا جس کے بعد وادی کشمیر میں نامساعد حالات کے سبب عرس میلہ منسوخ کر دیا گیا تھا تاہم سالانہ عرس کی روایتی تقریبات سادگی اور احترام سے ہر سال طے شدہ اوقات کے مطابق منعقد کی جاتی تھی۔ دریں اثناء صوبائی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ گاندربل نے بیہامہ گاندربل میں سید قمر الدین بخاریؒ کے عرس کو منانے کے لیے 33 سال کے وقفے کے بعد آبی گزرگاہ کے روایتی راستے کی بحالی کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔
روایتی طور پر کشتیوں کا ایک بیڑا فنکاروں کو لے کر ڈل جھیل سے بیہامہ تک کے سفر کے دوران مختلف صوفی گیت اور نعت پیش کرے گا۔ میلے کے ثقافتی پہلو کو زندہ کرتے ہوئے تین دہائیوں کے وقفے کے بعد فنکاروں کی طرف سے سرینگر سے گاندربل تک دریائے جہلم میں موٹر بوٹس پر ایک ثقافتی پروگرام پیش کیا جائے گا۔
دریں اثناء محکمہ آئی اینڈ ایف سی نے چٹابل سے لکڑی اور لوہے کے کھمبوں سمیت دریائے جہلم پر مختلف رکاوٹیں ہٹا دی ہیں اس کے علاوہ ماہی گیروں کی طرف سے لگائے گئے کھمبوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ جہلم میں درختوں اور جھاڑیوں کو ہٹا دیا گیا ہے تاکہ عرس منانے کے لیے کشتیوں کا راستہ محفوظ بنایا جا سکے۔ نیوی گیشن کے لیے منتخب کردہ راستہ زیرو برج، راجباغ سرینگر سے شروع ہوتا ہے۔
عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے، ڈویڑنل انتظامیہ نے چھ موٹر والی کشتیوں کی دستیابی کرائی ہے جو محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول، ایس ڈی آر ایف، محکمہ سیاحت اور جے کے ٹی ڈی سی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ سیاحت کی طرف سے دس شکارے بھی دستیاب کرائے جائیں گے۔