وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں مانسبل جھیل پر 33 برس بعد بھارتی بحریہ نے این سی سی کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کے لیے بحال کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اس جگہ پر ٹریننگ 1989 سے معطل کرکے جموں کے علاقے مانسر جھیل میں منتقل کر دیا گیا۔ کشمیر میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال کے بعد آئی اے ایس، ڈویژنل کمشنر کشمیر، ولر ماناسبل لیک ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور فوج کے فعال تعاون کے ساتھ مناسبل جھیل پر بحریہ کے تربیتی علاقے کو 11 ستمبر 2022 کو کامیابی کے ساتھ بحال کیا گیا ہے۔ Naval training at Manasbal Lake
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گروپ کمانڈر این سی سی گروپ سرینگر، بریگیڈیئر کے ایس کلسی نے کہا کہ کیمپ میں جموں و کشمیر کے مختلف کالجوں کی لڑکیوں سمیت تقریباً 100 این سی سی کیڈٹس حصہ لے رہے ہیں جو 26 ستمبر تک چلے گی۔ بریگیڈیئر کلسی نے کہا کہ شرکاء نے اس علاقے میں تربیت فراہم کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے قیام و طعام کے انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔