جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن بدعنوانی معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ اور سرینگر کے رُکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے 6 املاک کو اٹیچ کئے جانے پر سابقہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایک ٹوٰٹ میں لکھا: 'ڈاکٹر فاروق صاحب کی جائیداد کو اٹیچ کرنا سراسر سیاسی انتقام ہے، جیسا کہ بی جے پی کی جانب سے پی اے جی ڈی پر ڈھائی گئی زیادتیوں سے ظاہر ہوتا ہے۔ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اتحاد پر اپنا اعتماد رکھا ہے۔ این آئی اے اور ای ڈی جیسی ایجنسیوں کا استعمال کر کے بی جے پی سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے جس سے اس جماعت کی بوکھلاہٹ ثابت ہوتی ہے۔'
محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور فاروق عبد اللہ کے فرزند عمر عبداللہ کے ٹویٹ کا حوالہ دے کر ان باتوں کا اظہار کیا۔
عمر عبد اللہ نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 'جے کے سی اے معاملے میں جاری تحقیقات میں میرے والد نے اپنی جائیدادیں منسلک کرنے سے متعلق میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ حیرت کی بات نہیں ہے کہ میڈیا کو کسی سرکاری نوٹس یا دستاویزات ملنے سے پہلے ہی اس قبضے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔'