سری نگر:جموں وکشمیر سے رشوت جیسے جرائم کو ختم کرنے کے لیے انٹی کورپشن بیورو (اے سی بی) کی موثر مہم جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اے سی بی نے جموں وکشمیر میں سال رواں کے دوران اب تک رشوت خوروں کے خلاف زائد از ایک سو مقدمے درج کیے ہیں۔ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ اے سی بی نے جموں وکشمیر میں سال 2022 کے دوران اب تک رشوت لینے، فنڈس میں غبن کرنے ، آمدنی سے زیادہ جائیداد ہونے وغیرہ جیسے مقدموں کے الزامات میں رشوت خوروں کے خلاف 111 ایف آئی آر درج کئے ہیں۔ Total Corruption Cases registered in JK
ان ایک سو گیارہ کیسز میں سب سے زیادہ مقدمے اے سی بی پولیس اسٹیشن سری نگر میں درج کیے گئے ہیں اور اس پولیس اسٹیشن میں سال رواں کے ماہ جنوری سے ماہ ستمبر تک رشوت لینے، غیر متناسب اثاثہ ہونے، سرکاری عہدے کا غلط استعمال کرنے، فنڈس میں غبن کرنے اور دیگر معاملوں کے 37 مقدمے درج ہوئے ہیں۔ تفصیلات میں کہا گیا کہ اسی طرح سال رواں کے دوران اب تک اے سی بی پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں 16 کیسز اور اے سی بی پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں 27 مقدے درج ہوئے ہیں۔
اے سی بی پولیس اسٹیشن راجوری میں سب سے کم رشوت کا ایک کیس درج ہوا ہے جبکہ اے سی بی پولیس اسٹیشن اودھم پور میں تین مقدمے، اے سی بی پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں سات کیسز اور اے سی بی جموں میں رشوت کے 13 مقدمے درج ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں سال رواں کے دوران اب تک محکمہ مال کے 16 ملازم جن میں تحصیل دار، نائب تحصیلدار اور پٹواری شامل ہیں، رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے جال میں پھنس گئے ہیں۔