جامع مسجد میں نماز کے دوران کورونا وائرس کے تمام رہنما خطوط پر مصلیان عمل پیرا رہے۔ سماجی دوری کا بھی خاصہ خیال رکھا اور ماسک بھی پہنے ہوئے نمازی دکھائی دیے۔ اس موقع پر مصلیان نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کا دن کافی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ چار ماہ بعد مسجد کے منبر ومحراب وعظ وتبلیغ سے گونج اٹھے۔
آپ کو بتادیں کہ اپریل کے دوسرے ہفتے سے وادیٔ کشمیر میں کورونا وائرس کی شدت کے ساتھ تمام بڑی مسجدوں میں جماعت سے نماز پڑھنے پر پابندی عائد تھی۔ جو کہ گزشتہ ماہ جولائی کے آخری ہفتے تک جاری رہی۔ جامع مسجد کو کھولنے سے قبل ہی انجمن اوقاف جامع مسجد کے ملازمین اور عملے نے مسجد کی صفائی ستھرائی کا عمل انجام دیا تھا تاکہ آنے والے مصلیان کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔