وادیٔ کشمیر کو قدرت نے بے پناہ حسن سے نوازا ہے Kashmir, a Land of Unimaginable Beauty، یہاں کی سرسبزی و شادابی لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے، ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار وادیٔ کشمیر کی بے پناہ حسین وادیوں، وہاں کے سیاحتی مقامات اور برف کے سفید چادر سے ڈھکے دور دور تک پھیلے پہاڑوں کو قریب سے دیکھے، یقیناً اس وادی کی سرسبزی و شادابی کی ایک بڑی وجہ یہاں موسم سرما کے دوران بڑے پیمانے پر برفباری کا ہونا بھی ہے، جو یہاں کے حسین نظاروں میں چار چاند لگا دیتے ہیں۔
جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں گزشتہ کئی دنوں تک شدید برفباری Heavy snowfall in Jammu and Kashmir ہوئی۔ برفباری کے سبب قومی شاہ راہیں، اندرون و بیرون کی سڑکیں بند پڑی ہیں، جب کہ ضلعی انتظامیہ برف ہٹانے اور سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ جموں و کشمیر میں بعض علاقے پہاڑیوں پر آباد ہیں تو بعض نشیبی علاقے ہیں، اکثرو بیشتر پہاڑی علاقوں میں رہنے والے ان برفباری کے ایام میں باقی دنیا سے بالکل کٹ جاتے ہیں، جب کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
جموں و کشمیر کے متعدد پہاڑی علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل کو حکام کے سامنے لانے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندوں نے بڑی پہل کی ہے۔
جن جن علاقوں میں برفباری ہوئی ہے وہاں سے برف ہٹانے کے لیے مشینیں لگائی گئی ہیں اور برف کو ہٹانے کا کام جاری ہے، جب کہ بعض افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے برف ہٹانے کے کام میں سستی برتی جاتی ہے، جس کے سبب مقامی لوگ ضلع انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔
پہاڑی علاقوں میں سڑکوں سے برف نہ ہٹائے جانے یا تاخیر کے سبب ان علاقوں کے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر مریضوں کو ہسپتال پہنچانا ایک بڑا مشکل کام ہوجاتا ہے کیونکہ ایسے میں ان علاقوں میں رابطہ سڑکوں کے منقطع ہونے سے ان علاقے میں ایمبولینس کی سہولت مریضوں کو نہیں ملتی ہے جس کی وجہ سے انہیں چارپائیوں پر ہسپتال پہنچانا پڑتا ہے۔