محلہ پٹھان پورہ دیوبند نگر میں گذشتہ رات گشت کے دوران پولیس اہلکاروں کی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے جھڑپ ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے پولیس اہلکاروں کو گھیر لیا اور ان پر حملہ کرنا شروع کردیا، جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ موقع پر پہنچی پولیس فورس نے ان دونوں کو بچایا۔
دیوبند شہر میں سب سے زیادہ کورونا مریض پائے جانے کی وجہ سے اس شہر کو ایک طویل عرصے سے سیل کردیا گیا ہے۔ پولیس سیل زدہ علاقوں میں مسلسل گشت کررہی ہے۔
ایس ایس پی دنیش کمار پی نے بتایا کہ گذشتہ رات محلہ پٹھان پورہ گشت کے دوران پولیس کو ایک کونسلر اور اس کا بیٹا گھر کے باہر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملا۔ پولیس انہیں اندر جانے کی دھمکی دیتے ہوئے وہاں سے چلی گئی۔
پھر ایک گھنٹہ بعد دوبارہ گشت کے دوران پولیس والوں لو اسی جگہ پر بھیڑ اکٹھا ہوئی ملی۔ جب پولیس والوں نے انہیں اندر جانے کو کہا تو ان میں کہا سنی ہوگئی۔ ان لوگوں نے دونوں پولیس اہلکاروں کو گھیرے میں لیا، اور ان کے ساتھ لڑائی شروع کردی۔ جس میں دونوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اور ان کی موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس فورس پہنچی اور دونوں کو بازیاب کرایا۔ کچھ ویڈیو فوٹیج ملی ہے جہاں سے ملزمان کی شناخت کی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف سنگین دفعات ک تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ جن لوگوں نے پولیس پر تشدد کیا اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی ہے ان کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔