ضلع سہارنپور میں مبینہ طور پر تین طلاق کا واقعہ پیش آیا۔ شادی کے 12 سال بعد شوہر نے بیوی کو تین طلاق دے دیا۔ پولیس تھانہ نانوتہ علاقہ کی خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر نے اسے اپنے ماموں کے گھر سے ایک لاکھ روپے لانے کے لیے کہا تھا لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔ اس سے ناراض شوہر نے 28 اگست کو اس کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے اسے تین طلاق دے کر گھر سے نکال دیا۔
متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے جمعرات کو شام سات بجے پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے اس کے شوہر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ 12 سال قبل تھانہ نانوتہ علاقہ کے ڈھاکہ کھیڑی گاؤں کی رہائشی مہروبہ (35) کی شادی تھانہ گنگوہ علاقے کے فتح پور تھولا گاؤں میں علیم کے ساتھ ہوئی تھی۔ اس کے تین بچے بھی ہیں۔ مہروبہ نے الزام لگایا کہ اس کا شوہر غلط لوگوں کے ساتھ رہتا ہے، جس کے سبب وہ اس کے ساتھ مارپیٹ بھی کرتا ہے۔ علیم شادی کے بعد سے گھر والوں سے مسلسل ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ والدین نے پیسے نہیں دیے۔ اس کی وجہ سے 28 اگست کو اس نے اسے مارا پیٹا اور تین طلاق دے کر گھر سے باہر نکال دیا۔