ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقہ کے سابق اسمبلی رکن اور سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما معاویہ علی کو پولیس نے ان کے گھر پر نظر بند کردیا۔
اس دوران معاویہ علی نے کہا کہ 'اس وقت اترپردیش کے اندر کشمیر جیسے حالات پیدا کردیے گئے ہیں اور لوگوں کو گھر پر ہی ایسے بند کردیا گیا جیسے وہ دہشت گرد ہوں'۔
سہارنپور میں سماج وادی رہنما نظر بند انہوں نے کہا کہ 'سرکار اور فوج ایسا سلوک کررہی ہیں جیسے دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے، یہ ملک جمہوری ملک ہے اور سبھی کو اپنی بات کہنے کا حق ہے قانون واپس ہو یانہ ہو لیکن ہمیں احتجاج کرنے کا حق ہے'۔
معاویہ علی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اترپردیش کو کشمیر بنانا چاہتی ہے یہاں کے عوام قانونی طریقے پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو اسکو دبایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے سبھی سیاسی رہنماؤں کو نظر بند کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم لوگ دہشت گرد تو نہیں ہیں انہوں نےکہا کہ کسی کو کوئی بات نہیں کہنے دی جارہی ہے۔
تین نئے زرعی قوانین کے خلاف سھارنپور میں کسانوں کو حمایت دینے جارہے تمام سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں کو ان کے گھروں میں نظر بند کردیا انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما کے گھروں پر فورس لگادی گئی ہے تاہم حکومت کا یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔
معاویہ علی نے کہا کہ 'اترپردیش میں جمہوریت کا قتل کردیا گیا ہے احتجاج کرنا ہمارا قانونی حق ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نےکہا کہ سماج وادی پارٹی کارکنان کا حکومت استحصال کررہی ہے سماج وادی پارٹی اسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اس لیے ہماری لڑائی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ برسراقتدار مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے سے قبل ہی سماجوادی پارٹی کے تمام رہنماؤں کو ان کے گھروں میں ہی نظر بند کردیا گیا۔