سہارنپور کے دیوبند علاقہ میں دلت گرام پردھان کے ساتھ گالی گلوچ کرنے اور ہتھیار تان کر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے نے طول پکڑ لیا ہے۔ اس سلسلے میں اکھل بھارتیہ پنچایت پریشد کے زیر اہتمام ڈاک بنگلے میں پردھانوں کی میٹنگ میں اس واقعہ کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔ پردھانوں نے انتظامیہ کو خبردار بھی کیا کہ اگر اس واقعہ کے ملزمان کے خلاف جلد قانونی کارروائی نہ کی گئی تو بلاک کے تمام پردھان اپنے عہدوں سے اجتماعی طورپر استعفیٰ دینگے۔
بلاک آفس میں 30 اگست کو گھلولی کے گاؤں کے پردھان مونو کمار نے بلاک پرمکھ کے شوہر پر ساتھیوں سمیت حملہ کرنے، گالیاں دینے اور اسلحہ دکھا کر قتل کرنےکی دھمکی دینے کے واقعے کی شدید مخالفت کی۔ پردھان سنگٹھن کے بلاک صدر دیویندر رانا نے کہا کہ اگر پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی نہیں کی تو دیوبند بلاک کے تمام پردھان استعفیٰ دینگے۔