ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں پٹاخہ فیکٹری میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوراً علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پٹاخہ فیکٹری تھانہ بہاری گڑھ کے گاؤں سدپورا میں واقع ہے۔
پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں مزدور زخمی
ضلع سہارنپور کے علاقہ بہاری گڑھ کے سدپورا میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج صبح جب مزدور کام کرنے کے لیے فیکٹری میں پہنچے تو کچھ ہی گھنٹوں کے بعد فیکٹری میں اچانک ایک دھماکہ ہوا اور فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے فیکٹری میں کام کررہے تقریباً ایک درجن مزدور جھلس گئے جن کو ایمبولینس کی مدد سے سہارنپور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، حالانکہ ابھی تک فیکٹری میں آگ لگنے کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
اطلاع موصول ہوتے ہی ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی نے ضلع اسپتال پہنچ کر زخمی افراد کی عیادت کی اور انہیں ہر ممکنہ مدد کی یقین دہانی کرائی، جب کہ بہاری گڑھ تھانہ پولیس کے افسران بھی فوراً فیکٹری پہنچ کر حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔