اترپردیش کے امروہہ ضلع کے دڈولی کوتوالی کے علاقے کے سونالی گاؤں میں واقع قومی شاہراہ 9 پر حضرت بھورخا شہیدؒ کی مزار ہے۔ فی الحال، قومی شاہراہ کی توسیع کا کام جاری ہے اور شاہراہ پر تعمیر شدہ مزارات کو قومی شاہراہ 9 کی کشادگی میں رکاوٹ کے سبب مسمار کیا جا رہا ہے۔
امروہہ: قومی شاہراہ کی توسیع کے دوران مزارات مسمار
امروہہ میں نیشنل ہائی وے 9 کی چوڑائی کے دوران آنے والے مزارات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ اطلاع کے مطابق اس کارروائی کے دوران، ضلع انتظامیہ کی جانب سے پولیس فورسز کی تعیناتی کی گئی تھی اور مذہبی مقامات کو بولڈوزروں کی مدد سے مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔
ضلع انتظامیہ نے موقع پر پولیس کو تعینات کر کے نیشنل ہائی وے 9 کی کشادگی میں رکاوٹ بننے والے ان مذہبی مقامات کو ہٹانا شروع کر دیا ہے۔ امروہہ ضلع کے ڈی ایم امیش مشرا نے بتایا کہ' قومی شاہراہ کو کشادہ کرنے کے دوران آنے والے چار مذہبی مقامات کو ہٹا دیا گیا ہے۔ بقیہ مذہبی مقامات کو راستے سے ہٹانے کے لیے لوگوں سےبات چیت جاری ہے۔ بقیہ مذہبی مقامات کو بھی 15 دن کے اندر ہٹا دیا جائے گا اور انہیں کسی اور جگہ منتقل کیا جائے گا'۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ روڈ اور شاہراہوں کی توسیع کے دوران سرکاری زمین پر جو بھی عبادت گاہیں تعمیر ہوئی ہوں گی انہیں منہدم کیا جائے گا۔